لکھنؤ،28؍اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی (ایس پی)سے نکالے گئے راجیہ سبھا رکن امر سنگھ نے بیٹیوں کو تیزاب سے نہلانے کی مبینہ طور پر دھمکی دینے والے سینئر ایس پی لیڈر اعظم خاں کو آج چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ 30 اگست کو خاں کے پارلیمانی حلقہ رامپور جائیں گے، ان میں حوصلہ ہو تو اپنا ارادہ پورا کر لیں۔
امر سنگھ نے کہاکہ اعظم خاں نے جس طرح میری بیٹیوں کو تیزاب سے نہلانے کی دھمکی دی ہے، میں ان کو چیلنج دیتا ہوں۔میں نے 30 اگست کو ان کے ضلع رام پور جا رہا ہوں۔اگر ان میں ہمت ہو تو وہ میری قربانی لے لیں اور میری بیٹیوں کو چھوڑ دیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ خاں نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کے بیٹیوں کے لیے دھمکی بھرے لفظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کاٹا جائے گا اور بیٹیوں کو تیزاب سے نہلایاجائے گا۔ کبھی ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے سب سے قریبی مانے جانے والے سنگھ نے خاں کو ملائم کے ’سیاسی دتک بیٹا‘قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ملائم اور ان کے بیٹے اکھلیش یادو کی بھی بیٹیاں ہیں۔کم سے کم ملائم کو تو اس کی تنقید کرنی چاہیے تھی اور اعظم خاں سے بات کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے سماج وادی پارٹی کو ’نمازوادی پارٹی‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی اتر پردیش میں تو ملک کی تقسیم کے وقت بھی کوئی فساد نہیں ہوا تھا لیکن گزشتہ ایس پی حکومت کے دور میں خاں اس علاقے کے انچارج رہے تب وہاں فساد بھی ہوا۔سنگھ نے کہا کہ خاں نے خود تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے بین الاقوامی مافیا سرغنہ داؤد ابراہیم اور ابو سلیم کے پیسے سے ملائم کی سالگرہ منایا تھا۔سنگھ نے رام پور کے مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کیلئے اکٹھا گئے فنڈز کی جانچ کی مانگ بھی کی۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر کو جوہر یونیورسٹی کے لیے فنڈز کس طرح جمع کیا گیا، اس کی جانچ کرنی چاہیے۔آخر کس طرح کوئی شخص کسی یونیورسٹی کا تاعمروائس چانسلر ہو سکتا ہے۔سنگھ نے کہا کہ وہ کل اس سلسلے میں گورنر رام نائک سے ملاقات کریں گے۔